اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک
اسلام آباد (پی پی اے): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رات سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے بارش کے پانی کی نکاسی جاری ہے، جبکہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے بارش کے دوران صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی بھی جاری ہے۔ انتظامیہ نے متعلقہ ٹیموں کو نکاسی آب اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے