پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

صدر مملکت کا کام کی جگہ ہراسانی کی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے نگرانی نظام مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد، ( پی پی اے): صدر مملکت آصف علی زرداری نے کام کی جگہ ہراسانی کی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کو یقینی بنانے کے لیے داخلی طریقہ کار اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں وفاقی محتسب برائے تحفظ ہراسانی فوزیہ وقار سے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے تحفظ ہراسانی کی سالانہ رپورٹ 2025 وصول کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کام کی جگہ ہراسانی سے افراد کے تحفظ میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے ادارے کی فراہم کردہ خدمات سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہیں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران ہراسانی کی 1,119 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 1,047 کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ جائیداد سے محرومی سے متعلق 352 شکایات موصول ہوئیں اور 238 نمٹائی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں شکایات کے اندراج میں 375 فیصد اضافہ ہوا۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ شکایات کا منصفانہ اور میرٹ پر جائزہ لیا جائے، قانونی تقاضوں کے مطابق مناسب کارروائی یقینی بناتے ہوئے حقیقی ہراسانی کے مقدمات کو فوری طور پر نمٹایا جائے اور الزامات کا بھی قانون کے مطابق محتاط جائزہ لیا جائے۔ ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.