احسن اقبال کا غیر معیاری خوراک کے خلاف سخت کارروائی، ملک گیر کوالٹی کنٹرول اور ایل پی جی قیمتوں کی نگرانی کا حکم
اسلام آباد، ( پی پی اے): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اشیائے خوردونوش کے معیار، قیمتوں اور صارفین کو معیاری خوراک کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خوراک کے معیار سے متعلق ابتدائی جانچ کے نتائج اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کی شکایات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ خدشات درست ثابت ہوئے ہیں اور غیر معیاری خوراک کے استعمال کے انسانی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک اور قبل از وقت اموات میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دودھ اور گھی کی یہ ابتدائی جانچ ہے، جبکہ مصالحوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی جانچ سے مزید خامیاں سامنے آ سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور غیر معیاری خوراک تیار کرنے والے مینوفیکچررز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے چاروں صوبائی فوڈ اتھارٹیز کے ساتھ ملک گیر کوالٹی کنٹرول کا مربوط نظام تشکیل دینے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف واضح طریقہ کار وضع کرنے اور سہ ماہی نگرانی میں دیہی مارکیٹوں کو لازمی شامل کرنے کی ہدایت کی۔احسن اقبال نے کہا کہ خوراک کا معیار صرف عوام کی صحت کے لیے نہیں بلکہ ملکی معیشت اور برآمدات کے فروغ کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی اور مسابقت بڑھانے کے لیے معیار پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔اجلاس میں ایل پی جی کی قیمتوں اور نگرانی کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی تقریباً 80 فیصد آبادی گھریلو کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی استعمال کرتی ہے، تاہم قیمتوں کی مؤثر نگرانی کا نظام موجود نہیں۔ انہوں نے ایل پی جی کی قیمتوں کی نگرانی اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کی نگرانی کے لیے مربوط اور باقاعدہ نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور مناسب قیمت پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔