پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

کنگ خالد ایئرپورٹ پر سائلنٹ ایئرپورٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کا آغاز، مسافروں کو پرسکون سفر کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

ریاض( پی پی اے) سعودی عرب کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بین الاقوامی ٹرمینل نمبر 5 پر سائلنٹ ایئرپورٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا، جس کا مقصد عوامی اعلانات میں کمی کرکے مسافروں کو پرسکون اور زیادہ آرام دہ سفری تجربہ فراہم کرنا اور انہیں روانگی کے گیٹس تک محدود رکھنا ہے اردو نیوز کے مطابق پراجیکٹ کے تحت مسافروں تک معلومات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل سکرینز اور مختلف ڈیجیٹل ذرائع پر انحصار بڑھایا جائے گا۔ مسافر ایئرپورٹ کے واٹس ایپ نمبر، ویب سائٹ، نوٹیفیکیشنز اور ’آسک می ٹیم‘ کے ذریعے اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرسکیں گے۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق پراجیکٹ کے دیگر مراحل کے نفاذ کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس کی سکائی ٹریکس انڈیکس میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں، جن میں مشرق وسطیٰ کا بہترین ایئرپورٹ، دنیا بھر کے بہترین نئے بین الاقوامی ٹرمینلز میں ٹرمینل نمبر ایک کی تیسری پوزیشن، مشرق وسطیٰ کے بہترین ایئرپورٹس میں چوتھی جبکہ 30 سے 40 ملین مسافروں کی کیٹیگری میں بھی چوتھی پوزیشن شامل ہے۔ سکائی ٹریکس برطانیہ میں قائم ایک عالمی ادارہ ہے جو دنیا بھر کے ہوائی اڈوں اور فضائی کمپنیوں کی خدمات اور مسافروں کے تجربات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.