وزیراعظم کا راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت، عظیم قربانی قوم کیلئے جرات، حب الوطنی اور فرض شناسی کی لازوال مثال قرار
اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی عظیم قربانی قوم کے لیے جرات، حب الوطنی اور فرض شناسی کی لازوال مثال ہے۔جمعرات کو راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ راشد منہاس شہید نے مادرِ وطن کے دفاع اور قومی وقار کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی بے مثال بہادری اور قربانی ہمیشہ قوم اور افواجِ پاکستان کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔وزیراعظم نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ان عظیم شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔