پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

راولپنڈی(پ ر) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر کو عبوری صوبہ بنانے کی متوقع کسی بھی تجویزیا قرار دادجو تقسیم کشمیرکا باعث بنے ایسے کسی بھی فیصلہ کی حمایت نہیں کر سکتے، مقبوضہ علاقوں کی مکمل آزادی،تحریک آزادی کشمیر،ریاست کے مستقبل اور ساری ریاست جموں وکشمیر کاپاکستان کے ساتھ الحاق تک کی رہنمائی اور اس کا تسلسل برقرار رکھا جا نا ناگزیر ہے،۔ جموں وکشمیر کی تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد 19 جولائی 1947 سرینگر کی آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی قرار داد الحاق پاکستان،23 اگست 1947 کو نیلہ بٹ کے مقام سے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک آزادی اور ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کا نعرے پر قائم ہے۔ آج راتوں رات ایسی کون سی آفت ٹوٹ پڑی ہے کہ ہماری طرف سے ہندوستان کے 5 اگست 2019 ء جیسے قدامات جن کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر کا جغرافیہ انتظامی حیثیت اور آبادی کا تناسب تبدیل کیا گیا ہم بھی خدانخواستہ جلدی میں اسی طرز کے اقدامات کا راستہ ہموارکرینگے تو دنیا کو یہ کہنے کا موقع ملے کہ اگر ایک طرف ہندوستان کی جانب سے عالمی قراردادوں کی خلاف ورزی کی گئی تو دوسری طرف سے بھی اسی قسم کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انھوں نے ایک نجی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج ہم اللہ کی مہربانی اور فیلڈ مارشل کی جرأت مندانہ اور مومنانہ عسکری قیادت میں ”بنیان مرصوص“ اور ”معرکہ حق“ جیسے کارنامے سرانجام دے کر ہندوستان کو دنیا بھر میں پسپائی کے راستے پر ڈال چکے ہیں۔یوں بھی مسئلہ کشمیر پر ہندوستان کے مقابلے میں پاکستان کو ہر سطح پر اخلاقی اور سفارتی برتری حاصل ہے کیوں کہ ہندوستان نے تقسیم ہند کے اصولوں،اپنے عوام کے ساتھ کیے ہوئے وعدوں،جموں وکشمیر اور پاکستان کے ساتھ طے شدہ اقرار ناموں،عالمی قراردادوں اور شملہ معاہدہ تک ہر قدم پر پے درپے خلاف ورزی کرکے خو دکو اخلاقی مجرموں کی صف میں کھڑا کر دیاہے اللہ کے کرم سے پاکستان نے روز اول سے لے کر آج تک مسئلہ کشمیر پر کسی بھی بد عہدی، خلاف ورزی یا وعدہ شکنی کا ارتکاب نہیں کیا جس کے باعث تمام تر کمزوریوں کے باوجود پاکستان کو دشمن کے مقابلے میں برتری حاصل ہے۔کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ جموں وکشمیر کے عوام غالب ترین اکثریت کی آواز،قربانیوں کا تسلسل اور کامیاب مستقبل کی ضمانت ہے۔جس عقیدے،نظریے اور نعرے کی بنیاد پر مسلم کانفرنس اور ہماری قیادت نے نہ صرف موجودہ آزادی حاصل کی بلکہ دشمن کے تمام تر دباؤ کے باوجود آج تک اس کا کامیاب تحفظ بھی کیا اور اسے پاکستان کا بازوئے شمشیر زن بنائے رکھا اس کی موجودگی میں کوئی دوسراتجربہ سراسر حماقت ہے۔اسی طرح کی نظریاتی اور فکری آوارگی کے نتیجے میں ہم مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بننے سے نہیں روک سکے۔نظریہ الحاق پاکستان کے علاوہ دوسری ہر سوچ اور فکر ریاست جموں وکشمیر کی وحدت پر حملہ اور تقسیم کشمیر کی طرف جاتی ہے۔ تحریک آزادی کشمیر اور تحریک الحاق پاکستان آزادی ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔جموں وکشمیر کی وحدت ساری مقبوضہ ریاست کی آزادی اور اس کا پاکستان کے ساتھ الحاق آزادی ہند کے اصولوں کا تسلسل ہے جس سے کسی قسم کا انحراف اس خطے میں دو قومی نظریئے کے اصولوں سے انحراف کے مترادف ہے۔ریاست کی تقسیم جموں وکشمیر کے عوام یا اہل پاکستان کی نہیں بلکہ پاکستان کے ازلی دشمنوں کی دیرینہ خواہش ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو تحریک آزادی اور ریا ست جموں وکشمیر سے الگ کر کے دیکھنا مایوس اور شکست خوردہ ذہنیت کا عکاس ہے۔حکومت آزاد کشمیر اور اس کی انتظامیہ تحریک آزادی کشمیر کے کسی بھی پہلوسے مذاق کرنے سے باز رہے۔جموں وکشمیر کے عوام کسی بھی حکومت یا طبقے کو پاکستان کے دفاعی مفادات سے کھیلنے اور چھے لاکھ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ایک طرف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف درجنوں بار یہ کہہ چکے ہیں کہ حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کشمیری عوام کے حق خوادارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہی وہ درست موقف ہے جو کشمیری عوام،پاکستان اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت عالمی طورپر تسلیم شدہ موقف ہے۔پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے اس جاندار اور قابل تحسین موقف کی موجودگی میں ایسی نعرے بازی جو کشمیریوں کو اپنی شناخت سے محروم کرنا چاہتی ہو ہماری سمجھ سے بالا تر ہے۔ للہ کا شکر ہے کہ پاکستان کے معاملے میں جموں وکشمیر کے عوام پاکستان کے قیام سے پہلے کے پاکستانی ہیں۔اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ ہم سب دل وجان سے پاکستانی ہیں لیکن ہندوستان کے خلاف مسئلہ کشمیر کا ایک بنیادی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے کشمیر ی تشخص کو برقرار رکھیں تاکہ بین الاقوامی عدالت میں ہمارا مقدمہ متاثر ہونے سے بچا رہے۔جموں وکشمیر کے عوامk کا ریاستی تشخص مسئلہ کشمیر پر ہندوستان کے خلاف خود پاکستان اور پاکستان کی تائید و حمایت اور اس کے موقف کی تقویت کا باعث ہے اور یہ تشخص جتنا جموں وکشمیر کے عوام کے مفاد میں ہے اتنا ہی پاکستان کے مفاد میں ہے ہر خاص وعام یہ جانتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے تین اہم بنیادی فریق ہیں جس میں جموں وکشمیر کے عوام،پاکستان اور ہندوستان تینوں اپنی اپنی جگہ تسلیم شدہ اہمیت کے حامل ہیں۔اگر درمیان میں ذہنی عیاشی کے لیے کوئی شخص ایسی نعرہ بازی کرے جس کے نتیجے میں لگے کہ کشمیری عوام اپنی شناخت اور ہندوستان کے خلاف اپنے حق خود ارادیت سے دستبردار ہورہے ہیں اور اب وہ کشمیری نہیں رہے تو اس کا فطری نتیجہ سامنے آسکتا ہے کہ بنیادی فریق ہی دستبردار ہوگیا ہے اور اب سارا معاملہ پاکستان ہندوستان اوردو ملکوں کی حکومتوں کے درمیان رہ گیا ہے تو اس سے اگلے مرحلے کے لیے کسی نئے تجربے کی ضرورت نہیں بلکہ خدانحواستہ اس صورت میں سند ھ طاس معاہد ہو،پاکستان کے خلاف ہندوستانی آبی جارحیت ہو یا آئے دن کی ہندوستان کی جانب سے ہماری سرحدات کی خلاف ورزی ہو سب تجربات ہمارے سامنے ہیں۔جموں وکشمیر کے عوام کو ریاستی تشخص سے محروم کرکے انہیں ہندوستان میں تحلیل کرنا کانگریس اور بی جے پی کی مشترکہ دیرینہ خواہش ہے۔ کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان کا مطلب کیا لاالٰہ الا اللہ جولو گ اسے ایک ساتھ پڑہنے میں بخل کرتے ہیں وہ تاریخ اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے ساتھ بے انصافی کر رہے ہیں۔کشمیر بنے گاپاکستان کا نعرہ نہ صرف مسئلہ کشمیر پرامن منصفانہ حل اور پاکستان ہندوستان کے تعلقات میں باوقار بہتری کے لیے بلکہ جنوبی ایشیاء کے پائیدا ر اور مستقل امن کے حصول کے لیے بھی ناگزیر ہے۔مسلم کانفرنس کی تحریک الحاق پاکستا ن درحقیقت تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ ہر خاص وعام کو یہ بات سمجھنی اور پیش نظر رکھنی چاہیے کہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے اور تکمیل پاکستان کی تحریک کو کامیاب کرنے کا بہترین راستہ قائداعظم کا فرما ن کہ ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے“ اور مجاہد اول کا اعلان ”کشمیر بنے گا پاکستان“ انہی دو رہنما اصولوں سے وابستہ ہے۔انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی بھی ایسی قرار داد یا تجویز کی مسلم کانفرنس حمایت نہیں کرسکتی جو مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی راہ میں رکاؤٹ بنے، جو تقسیم کشمیر کا سبب بنے، جس سے پاکستان کا دفاع کمزور ہو۔ مسلم کانفرنس کبھی بھی ایسا نہیں ہونے دی گئی چاہے اس کے لئے ہماری لاشوں سے گزرنا پڑے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.