سندھ یوتھ جوجٹسو ٹیم کی تاریخ ساز کامیابی، 11 گولڈ سمیت 17 میڈلز جیت لیے
لاہور (پی پی اے) سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کی یوتھ ٹیم نے پہلی نیشنل یوتھ جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 گولڈ ایک سلور اور پانچ برانز میڈلز سمیت مجموعی طور پر 17 میڈلز حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا یہ کامیابی صوبے میں جوجٹسو کے فروغ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور مستقبل کے بین الاقوامی چیمپئنز کی تیاری کے لیے جاری کوششوں کا واضح ثبوت ہے سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کے صدر طارق علی نے اس شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کوچز آفیشلز اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل یوتھ چیمپئن شپ میں سندھ کی پہلی پوزیشن اور نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی انتہائی فخر اور خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی سندھ میں جوجٹسو کے یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام پر بھرپور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے. طارق علی نے مزید کہا کہ 2026 میں سندھ کے نوجوان جوجٹسو کھلاڑیوں نے قومی سطح کے علاوہ ایشین اور ساؤتھ ایشین سطح پر بھی چیمپئن بن کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ یہ کامیابیاں مضبوط ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ نظام اور مستقبل کی امیدوں کی عکاسی کرتی ہیں سندھ جوجٹسو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سندس خان نے سندھ اسپورٹس منسٹری سندھ اسپورٹس بورڈ اور متعلقہ اسپورٹس حکام سے اپیل کی کہ نوجوان کھلاڑیوں کی غیرمعمولی کامیابیوں کو سراہا جائے، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں مزید بہتر تربیت سہولیات اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی کامیابیوں کو حکومتی سطح پر تسلیم کرنا نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کرے گا بلکہ سندھ میں کھیلوں کے فروغ کو بھی نئی تقویت دے گا