پاکستانی اسکواش کھلاڑیوں میں ایک ایک ملین روپے کے انعامات تقسیم
رانا ثناء اللہ کی قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد، ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں تاریخی فتح پر خراج تحسین
اسلام آباد (پی پی اے) وزیر بین الصوبائی رابطہ و صدر پاکستان سپورٹس بورڈ رانا ثناء اللہ خان نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان کی گولڈ میڈل جیتنے والی مینز ٹیم کے چار کھلاڑیوں میں ایک ایک ملین روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے انعامات کی تقسیم کی تقریب پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں قومی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔
نقد انعامات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں نور زمان محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اصحاب عرفان شامل ہیں۔ ہر کھلاڑی کو 10 لاکھ روپے دیے گئے یوں مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے۔ ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 3 سے 7 نومبر تک مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقد ہوئی تھی تقریب میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ یاور حسین اور سیکرٹری جنرل پاکستان اسکواش فیڈریشن گروپ کیپٹن (ر) عامر نواز بھی موجود تھے اس موقع پر رانا ثناء اللہ خان نے کھلاڑیوں کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی کامیابی پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی لگن نظم و ضبط اور عزم کو سراہا جن کی بدولت پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر ایشین چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا پاکستان نے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر مینز ٹیم کا طلائی تمغہ جیتا نور زمان نے جیونگ من ریو کو 11-5، 11-7 اور 13-11 سے شکست دی جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 11-6، 11-5 اور 11-4 سے ہرا کر پاکستان کی چیمپئن شپ یقینی بنائی وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نمایاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور پذیرائی کھیلوں کے فروغ اور قومی صلاحیتوں کی معاونت کے عزم کا مظہر ہے سیکرٹری آئی پی سی محی الدین احمد وانی نے بھی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اسکواش کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کامیابیاں ملک کی کھیلوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں اور نوجوان نسل کو کھیلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیتی ہیں ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ یاور حسین نے بھی قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی کامیابی پاکستان میں اسکواش کی ترقی کو نئی تحریک دے گی