بنگلہ دیش میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ
قومی ٹیم باصلاحیت ہے امید ہے ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت کر وطن لوٹے گی سفیر عمران حیدر
ڈھاکہ (پی پی اے) پاکستانی ہائی کمیشن ڈھاکہ میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جس میں ہائی کمشنر عمران حیدر نے قومی ٹیم کا استقبال کیا اس موقع پر ہائی کمشنر عمران حیدر نے کہا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور انہیں امید ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت کر وطن واپس لوٹے گی انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ہر کھیل میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں ہائی کمشنر عمران حیدر نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں دو سو سے زائد بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستان کے تعلیمی اداروں میں اسکالرشپس فراہم کی گئی ہیں کھیل صحت تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھ رہے ہیں بنگلہ دیشی عوام پاکستان کی سیر کے خواہشمند ہیں جبکہ ویزا کے اجرا میں تاخیر کا مسئلہ بھی ختم ہوگیا ہے اس موقع پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی اور پرتپاک استقبال پر ہائی کمشنر عمران حیدر کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ایشیا کپ کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور انہیں پوری امید ہے کہ ٹیم ٹائٹل جیت کر وطن واپس لوٹے گی تقریب کے اختتام پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے ہائی کمشنر عمران حیدر کو کھلاڑیوں کے آٹوگراف والا بیٹ بھی پیش کیا