پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

جنوبی ایشین گیمز 2027 کی نئی تاریخوں کا اعلان، پاکستان میں ستمبر میں انعقاد ہوگا

14ویں جنوبی ایشین گیمز 18 سے 27 ستمبر 2027 تک منعقد ہوں گے، تمام رکن ممالک کی منظوری

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے 14ویں جنوبی ایشین گیمز 2027 کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ اب پاکستان میں 18 سے 27 ستمبر 2027 تک منعقد ہوگا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق جنوبی ایشیا کے تمام شریک ممالک کی قومی اولمپک کمیٹیوں (این او سیز) سے مشاورت اور باضابطہ منظوری کے بعد گیمز کی نئی تاریخیں طے کی گئی ہیں اعلامیے کے مطابق تاریخوں میں تبدیلی چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کے شیڈول میں ردوبدل کے باعث کی گئی ہے، تاکہ کھلاڑی دونوں ایونٹس میں شرکت کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں اس فیصلے میں کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی سہولت کو اولین ترجیح دی گئی ہے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک کی قومی اولمپک کمیٹیوں کا اس فیصلے پر اتفاق علاقائی اولمپک تحریک میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ شریک ممالک نے آرگنائزنگ کمیٹی اور پاکستان کی اولمپک و کھیلوں کی برادری کے لیے گیمز کے کامیاب انعقاد کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے تمام جنوبی ایشیائی قومی اولمپک کمیٹیوں کے تعاون اور حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ستمبر 2027 میں شریک ممالک کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور وفود کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ان گیمز میں جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک کے کھلاڑی مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.