سری لنکا اے نے انڈیا اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
لاستھ کروسپل اور سینتھ جے وردنا کی شاندار سنچریاں، 318 رنز کا ہدف 41.3 اوورز میں حاصل کرلیا
دوحہ (پی پی اے) ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا اے نے انڈیا اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ڈے نائٹ میچ میں سری لنکا اے نے 318 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 41.3 اوورز میں حاصل کرلیا انڈیا اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے ابھیشیک شرما نے 63 گیندوں پر 78 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ کپتان تلک ورما نے 66 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ وائبھو سوریاونشی نے 27 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے۔ شہباز احمد 48 گیندوں پر 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 4 چھکے شامل تھے جبکہ تنوش کوٹین نے 30 گیندوں پر 28 رنز بنائے سری لنکا اے کی جانب سے نپون دھنانجیا، جنیتھ لیانگے اور راوندو فرنینڈو نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں 318 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ لاستھ کروسپل نے 107 گیندوں پر 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ سینتھ جے وردنا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 70 گیندوں پر 105 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 174 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی نشان مدوشکا 56 گیندوں پر 58 رنز اور کپتان پون رتھنایاکے 16 گیندوں پر 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا اے نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹیں باقی رکھتے ہوئے حاصل کرلیا سینتھ جے وردنا کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا اے نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں سری لنکا اے کا مقابلہ پاکستان اے یا بنگلہ دیش اے سے ہوگا جس کا فیصلہ آج پاکستان اے اور بنگلہ دیش اے کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے بعد ہوگا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں سری لنکا اے کے مدمقابل ہوگی