لاہور (پی پی اے) پاکستان پیپلزپارٹی نے مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد اپنا پروگرام گورنر ہاؤس میں منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا پاکستان پیپلزپارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مینارِ پاکستان میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پارٹی نے آج گورنر ہاؤس میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے زبانی یقین دہانی کے بعد گزشتہ دو روز سے مینارِ پاکستان میں جلسے کی تیاریاں جاری تھیں اور اسٹیج بھی تیار کر لیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اجازت نہ ملنے پر مقام تبدیل کرنا پڑا۔ دوسری جانب جلسے کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت اور حکومتی نمائندوں کے درمیان رابطہ ہوا، جس کے بعد دونوں فریقین نے مذاکرات کیے اور معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا