اسلام آباد (پی پی اے) نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور سٹی لیب کے درمیان نیشنل پریس کلب کے ممبران، سٹاف اور ان کے اہلخانہ کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت مختلف طبی ٹیسٹوں پر 50 فیصد جبکہ ریڈیالوجی کی سہولتوں پر 40 فیصد تک رعایت دی جائے گی یہ اعلان نیشنل پریس کلب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پی ایف یو جے اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے اشتراک سے معروف معالج اور سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر کے اعزاز میں منعقدہ مسیحا تقریب کے دوران کیا گیا صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے ڈاکٹر جمال ناصر کو صحافیوں کے لیے صحت سے متعلق آگاہی سیمینارز اور مفت میڈیکل کیمپس کے انعقاد کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ان کی فلاحی خدمات قابل تحسین ہیں اور صحافی برادری ان سے مزید تعاون کی توقع رکھتی ہے. مہمان خصوصی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صحافت ایک مظلوم شعبہ ہے صحافی دوسروں کے حقوق اور آزادی کے لیے آواز بلند کرتے ہیں مگر اپنے حقوق کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ انہیں صحافتی برادری سے ہمیشہ محبت اور عزت ملی اسی لیے وہ صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں انہوں نے صحافتی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کریں اور کہا کہ انہوں نے اپنی وزارت کے دوران سرکاری وسائل کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال نہیں کیا بلکہ ہمیشہ اصولوں پر قائم رہے نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے بتایا کہ اس معاہدے سے پریس کلب کے 3349 ممبران ان کے والدین شریک حیات اور بچوں کو بھی فائدہ پہنچے گا پی ایف یو جے کے صدر حاجی محمد نواز رضا سینئر صحافی سجاد اظہر سابق صدر نیشنل پریس کلب طارق چوہدری فوٹو جرنلسٹ سجاد حیدر سینئر صحافی خالد عظیم اور آر آئی یو جے دستور کے صدر رانا کوثر علی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر کی سماجی طبی اور فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا تقریب کے اختتام پر نیشنل پریس کلب کی جانب سے ڈاکٹر جمال ناصر کو ان کی سماجی طبی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی