اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی بہترین ذہنی جسمانی فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب قومی وسائل کا استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیت اور پُرعزم محنت معاشرے کے ہر شعبے میں امید افزا ترقی کا باعث ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر باصلاحیت نوجوانوں کو ان کی قدرتی استعداد پُرجوش توانائی اور مثبت امنگوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اس سال نوجوانوں کا عالمی دن مختلف حالات، مشترکہ امنگیں کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ دنیا بھر میں نوجوانوں کی زندگی مختلف حالات سے متاثر ہوتی ہے تاہم تابناک مستقبل کے خواب امنگیں اور خواہشات یکساں ہوتی ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان قوم کا انمول سرمایہ اور روشن مستقبل کے معمار ہیں ان کی تخلیقی صلاحیت اور پُرعزم محنت معاشرے کے ہر شعبے میں امید افزا ترقی کا سبب بنتی ہے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور استعداد کا بھرپور اظہار خوشحال پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے.انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے اور مقامی سطح پر بھی معاشرے کے فعال ارکان کی حیثیت سے تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو عصر حاضر سے ہم آہنگ جدید اور معیاری تعلیم فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں، روزگار کے مواقع کاروبار و صنعت کاری ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے حکومت ایسی پالیسیوں اور عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے جن کے ذریعے نوجوان اپنی صلاحیتوں ہنر اور پیشہ ورانہ استعداد کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرکے دنیا میں ملک کا نام روشن کرسکیں انہوں نے کہا کہ ہونہار طلبہ کے لیے تعلیمی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی فنی تعلیم اور مصنوعی ذہانت کی تربیت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اسکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ کی تقسیم اور معاوضہ جاتی انٹرن شپ سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام ملک میں باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے کوشاں ہے. وزیراعظم نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت سے لیس افرادی قوت کی عالمی معیار کے مطابق تربیت کے لیے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو ترجیحی بنیادوں پر مزید فعال کیا گیا ہے۔ یہ قومی ادارہ افرادی قوت کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اسناد اور صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنر کی تربیت فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کررہا ہے وزیراعظم نے نوجوانوں کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ وہ دیانت داری ذمہ داری اور خدمت وطن کے جذبے کے ساتھ محنت کا سفر جاری رکھیں کیونکہ نوجوانوں کی ترقی ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے. انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سب متحد ہو کر بھرپور انداز میں ملکی ترقی و خوشحالی میں تعمیری اور فعال کردار ادا کریں گے تاکہ نوجوانوں سمیت تمام طبقات کے لیے وطن عزیز ہی روشن مستقبل کی ضمانت بنے