نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ، تعلیم و کردار سازی ناگزیر

اسلام آباد۔ ( پی پی اے) چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے ان کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جشنِ آزادی کے سلسلے میں دانش سکول اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ اور پرچم کشائی کی گئی۔ طلبہ نے اردو و انگریزی تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے، جنہیں شرکا نے سراہا۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان بزرگوں کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے دانش سکولز منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محروم اور غریب طبقات کے بچوں کو معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرکے مساوی تعلیمی مواقع یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو بہترین تعلیم و تربیت فراہم کرکے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کرنے والا قیمتی انسانی اثاثہ بنایا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ پرنسپل دانش سکول اسلام آباد محمد اصغر ملک نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment