اسلام آباد ( پی پی اے) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے درمیان تہذیب و ثقافت کے فروغ، تحقیق، تدریس اور علمی رگرمیوں کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد نوجوان نسل میں تہذیب و ثقافت کا شعور اجاگر کرنا، مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرنا، تعلیمی اشاعتوں کا تبادلہ، علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد اور کمیونٹی سروس کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔یادداشت پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس اور سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ قومی ہم آہنگی اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سندھ کے تاریخی تعلیمی ادارے کے ساتھ شراکت داری سے طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور نئی نسل کی تربیت کو نئی جہت ملے گی۔ سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے کہا کہ ادارہ 1885ء میں قائم ہوا اور قائداعظم محمد علی جناح ساڑھے چار سال تک اسی درسگاہ سے وابستہ رہے۔ دونوں جامعات کی شراکت داری نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ تقریب میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈینز اور پرنسپل افسران نے بھی شرکت کی