پاکستان انجینئرنگ کونسل کا چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹرز پروگرام مکمل، پیچیدہ منصوبوں کی مؤثر تکمیل کے لیے نئی پیشہ ورانہ قیادت تیار

اسلام آباد ( پی پی اے) پاکستان انجینئرنگ کونسل نے نیشنل ڈیفنس ونیورسٹی اسلام آباد میں چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کے پہلے بیچ کی کامیاب تکمیل کے ساتھ اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے مطابق یہ جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے، جس کا مقصد پاکستان میں اسٹریٹجک اور پیچیدہ انجینئرنگ منصوبوں کی منصوبہ بندی، گورننس اور مؤثر تکمیل کے لیے پراجیکٹ لیڈرشپ کی باقاعدہ سرٹیفکیشن کرنا ہے۔ پروگرام چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر کے وژن کے تحت تشکیل دیا گیا، جس کے ذریعے ایسے پراجیکٹ ڈائریکٹرز تیار کرنا مقصود ہے جو بروقت فیصلے، مضبوط گورننس، مؤثر احتساب اور عملی نتائج یقینی بنا سکیں۔ پروگرام میں پراجیکٹ گورننس، اسٹریٹجک فیصلہ سازی، رسک مینجمنٹ، معاہداتی امور، تنازعات سے بچاؤ، لاگت و شیڈول کنٹرول اور شفافیت سمیت اہم شعبوں کی تربیت دی گئی۔ پاسنگ آؤٹ تقریب نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ہوئی، جس میں صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹر اقدام کو اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اس اقدام کو حکومتی سطح پر غور کے لیے پیش کرے گی تاکہ پیچیدہ انجینئرنگ منصوبوں کے لیے سرٹیفائیڈ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی اہلیت کو لازمی قرار دینے پر غور کیا جا سکے۔ انہوں نے پلاننگ کمیشن پر بھی زور دیا کہ منصوبوں کی منصوبہ بندی، گورننس اور مؤثر تکمیل کے حوالے سے اس اقدام کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے مطابق چارٹرڈ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کے پہلے بیچ کی تکمیل پاکستان میں پراجیکٹ لیڈرشپ کے نئے دور کا آغاز ہے، جس سے قومی ترقیاتی منصوبوں کو بروقت، مقررہ لاگت اور مضبوط گورننس کے ساتھ مکمل کرنے میں مدد ملے گی

Comments (0)
Add Comment