اسلام آباد (پی پی اے) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس آر آئی یو جے۔اور امان لیب اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر کے درمیان صحافتی برادری کو معیاری طبی تشخیصی سہولیات رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے کے تحت صحافیوں کو مختلف طبی ٹیسٹوں پر 50 فیصد تک خصوصی رعایت دی جائے گی جبکہ بعض ٹیسٹوں کے خصوصی پیکیجز بھی انتہائی کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ امان لیب اینڈ ڈائیگناسٹک سنٹر کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر آصف خلیل نے کہا کہ موجودہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث عام شہریوں سمیت صحافتی برادری کے لیے مہنگے طبی ٹیسٹ کرانا مشکل ہوگیا ہے اسی صورتحال کے پیش نظر صحافیوں کو مختلف طبی ٹیسٹوں پر خصوصی رعایت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گردوں، شوگر، مکمل خون کی تصویر، وٹامن ڈی، تھائرائیڈ، دل، جگر اور دیگر اہم طبی ٹیسٹ جدید سہولیات کے ساتھ کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ایسے ٹیسٹ جن کی مارکیٹ میں مجموعی لاگت 18 سے 20 ہزار روپے تک بنتی ہے، امان لیب میں خصوصی پیکیج کے تحت تقریباً 6 ہزار روپے میں فراہم کیے جاسکتے ہیں۔ مریضوں کے لیے گھر سے نمونہ حاصل کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔آصف خلیل نے کہا کہ امان لیب عوام کو ان کی استطاعت کے مطابق معیاری تشخیصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے پیش نظر شوگر سمیت مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لیے خصوصی ٹیسٹ اور پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں۔ مستقبل میں صحافیوں کے لیے مزید خصوصی سہولیات اور بعض ٹیسٹ مفت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی جبکہ ضرورت پڑنے پر ماہر ڈاکٹرز کی خدمات بھی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امان لیب نہ صرف اپنے طبی مراکز قائم کر رہی ہے بلکہ فرنچائز نظام کو بھی وسعت دی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک معیاری تشخیصی سہولیات پہنچائی جاسکیں۔ آر آئی یو جے کے صدر آصف بشیر چوہدری نے آصف خلیل، مارکیٹنگ منیجر راجہ مبشر نذیر اور امان لیب کی انتظامیہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صحافتی برادری کے لیے خصوصی طبی سہولیات کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی دن رات عوام کے مسائل اجاگر کرتے ہیں لیکن اپنی صحت کے حوالے سے اکثر مشکلات کا شکار رہتے ہیں، ایسے میں رعایتی نرخوں پر طبی ٹیسٹوں کی سہولت صحافیوں کے لیے اہم ریلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت صحافیوں کو پروفائل ٹیسٹ، دل، جگر، گردوں، کیلشیم، ہڈیوں، آئرن، خون کی کمی، یورین، شوگر، آر ایف ٹی، ایل ایف ٹی، وٹامن ڈی، مکمل خون کے ٹیسٹ اور دیگر ضروری تشخیصی سہولیات رعایتی نرخوں پر میسر ہوں گی۔ آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری راجہ بشیر عثمانی نے کہا کہ موجودہ مشکل معاشی حالات میں صحافیوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی امید کی کرن ہے۔ امان لیب کی جانب سے صحافتی برادری کے لیے 50 فیصد تک رعایت کا اعلان قابلِ تحسین ہے اور اس معاہدے سے صحافیوں کے ساتھ ان کے خاندان بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔ نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری عابد عباسی نے ایم او یو پر دستخط کرنے پر آر آئی یو جے کی قیادت اور امان لیب کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے لیے صحت کے شعبے میں اس نوعیت کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
آر آئی یو جے کے فنانس سیکرٹری اظہار خان نیازی نے بھی معاہدے کو صحافتی برادری کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر آر آئی یو جے کے اراکین مجلس عاملہ دوست محمد خان، علی اختر، غفران چشتی، اسد شیر، نیشنل پریس کلب کے رکن مجلس عاملہ عامر بٹ سمیت دیگر صحافی اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ امان لیب اور آر آئی یو جے کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گا اور صحافیوں کو معیاری، بہتر اور کم لاگت تشخیصی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔