احد چیمہ کی ادویات قیمتوں کے ریگولیٹری فریم ورک پر فوری نظرثانی، صارفین کو بلاجواز اضافے سے تحفظ کی ہدایت

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد چیمہ نے وزارت قومی صحت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو ادویات کی قیمتوں کے تعین کے ریگولیٹری فریم ورک پر فوری نظرثانی، ہارڈشپ پالیسی کے قواعد اور ڈریپ پالیسی بورڈ کی تشکیل میں تبدیلیوں کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے موجودہ فارمولے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ شفاف، شواہد پر مبنی اور مکمل طور پر قابل جواز ہونا چاہیے۔ انہوں نے ڈریپ کو قیمتوں میں اضافے کے فارمولے کا ازسرنو جائزہ لینے اور ایسا مؤثر نگرانی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی جس کے تحت کاروباری لاگت میں اضافے کا تمام بوجھ خودکار طور پر صارفین پر منتقل نہ ہو۔
سینیٹر احد چیمہ نے ہدایت کی کہ ہارڈشپ پالیسی کے نظرثانی شدہ قواعد جلد حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے متعلقہ فورم کے سامنے پیش کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہارڈشپ پالیسی کے تحت ریلیف صرف حقیقی اور ناگزیر صورتوں میں دیا جائے اور اس کا غیرمتناسب بوجھ مریضوں پر منتقل نہ ہو۔ وفاقی وزیر نے ڈریپ پالیسی بورڈ میں ایک ہیلتھ اکانومسٹ اور پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ کو شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی سازی میں پیشہ ورانہ مہارت اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے ڈریپ کو درآمد کنندگان اور ریٹیلرز کے موجودہ مارجنز کا جائزہ لینے اور انہیں معقول سطح پر لانے کے لیے مناسب طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی درآمد کنندہ ہارڈشپ پالیسی کے تحت ٹیکس رعایت یا دیگر ریلیف حاصل کر رہا ہے تو اسے اضافی لاگت مکمل طور پر صارفین پر منتقل کرنے کے بجائے اپنے منافع کے مارجن میں بھی مناسب کمی کے لیے تیار ہونا چاہیے۔ احد چیمہ نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں سے متعلق فیصلے لاکھوں گھرانوں کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے ریگولیٹری نظام ایسا ہونا چاہیے جو فارماسیوٹیکل شعبے کے استحکام کے ساتھ ادویات کی استطاعت اور صارفین کے مؤثر تحفظ کو بھی یقینی بنائے۔ انہوں نے بین الاقوامی ریفرنس پرائسنگ کے ساتھ آزادانہ تصدیقی نظام اور مضبوط چیک اینڈ بیلنس کا طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، سستی ادویات تک رسائی براہ راست عوامی فلاح سے منسلک ہے اور فارماسیوٹیکل شعبے کی جائز ضروریات اور صارفین کے مفادات میں منصفانہ توازن قائم رکھا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment