اسلام آباد۔ ( پی پی اے) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ملک کی پانچ بڑی آئل ریفائنریوں پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ، سائنرجیکو اور اٹک ریفائنری لمیٹڈ کی انتظامیہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر عملدرآمد، ریفائنریوں کی مالی و آپریشنل کارکردگی اور ملکی توانائی کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔تمام پانچ ریفائنریوں کی انتظامیہ نے پالیسی کے تحت معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے آمادگی کا اعادہ کیا، جن پر آئندہ ماہ کے آغاز میں دستخط متوقع ہیں۔ معاہدوں سے ملک کے ریفائننگ سیکٹر میں تقریباً 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریفائنریوں کی جدید کاری ملکی ریفائننگ سیکٹر کی طویل المدتی پائیداری کے لیے ناگزیر ہے۔ اپ گریڈیشن کے بعد ریفائنریاں یورو فائیو معیار کی پٹرولیم مصنوعات تیار کرنے کے قابل ہوں گی، جس سے پٹرول اور ڈیزل کی درآمد پر انحصار کم اور صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریفائنریوں کو پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر نے آبنائے ہرمز کے بحران کے دوران پارکو کی جانب سے آپریشنز جاری رکھنے اور ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی برقرار رکھنے کو سراہا۔ ملاقاتوں کے دوران حب میں مجوزہ آئل سٹی، توانائی کے تحفظ، سپلائی چینز کو مضبوط بنانے اور ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ متعلقہ انتظامیہ نے بتایا کہ مطلوبہ تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور وہ پالیسی کے تحت معاہدوں پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کی ریفائننگ صلاحیت کو جدید بنانا پٹرولیم مصنوعات کے معیار اور کارکردگی میں بہتری کے ساتھ درآمدی پٹرول و ڈیزل پر انحصار کم کرنے اور توانائی کے تحفظ کے لیے بھی اہم ہے۔ حکومت ریفائننگ انڈسٹری کے ساتھ مل کر پالیسی پر بروقت عملدرآمد اور مطلوبہ سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔