ایپسما تحصیل راولپنڈی کا اہم اجلاس، ممبر سازی اور 12 نئے سیکٹرز کے قیام کا فیصلہ

راولپنڈی (پی پی اے) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما) تحصیل راولپنڈی کا اہم اجلاس اے ایس اے سکول، کالج روڈ میں منعقد ہوا، جس میں ایپسما وومن ونگ نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت ایپسما تحصیل راولپنڈی کے صدر عدنان نثار اور وومن ونگ کی صدر میڈم اسماء شاہد نے مشترکہ طور پر کی، جبکہ تحصیل جنرل سیکرٹری راجہ نعمان نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کی نمائندگی کو مزید مؤثر بنانے، ایپسما کی ممبر سازی مہم تیز کرنے اور راولپنڈی میں تنظیم کے نئے سیکٹرز کے قیام کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے فیصلہ کیا کہ راولپنڈی کے نجی تعلیمی اداروں کو ایپسما کا حصہ بنانے کے لیے بھرپور ممبر سازی مہم چلائی جائے گی تاکہ تنظیم کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جا سکے اور نجی تعلیمی اداروں کے مسائل مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز تک پہنچائے جا سکیں۔اجلاس میں راولپنڈی کو 12 سیکٹرز میں تقسیم کرنے اور ہر سیکٹر کے لیے انچارج مقرر کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی۔ سیکٹر انچارجز اپنے اپنے علاقوں میں نجی تعلیمی اداروں سے رابطہ رکھیں گے اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے ایپسما کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔اس موقع پر ایپسما تحصیل راولپنڈی کے صدر عدنان نثار نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے ملک میں فروغِ تعلیم کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایپسما کی تنظیم سازی کا مقصد نجی تعلیمی اداروں کو مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرنا ہے۔اجلاس میں ایپسما تحصیل راولپنڈی کے سرپرست اعلیٰ طارق محمود، شاہد یوسف، شکیل اختر، شیراز مغل، مصطفین سجاد، ریحان عباسی اور محمد کامران سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ تحصیل وومن ونگ سے میڈم اسماء شاہد، میڈم فرزانہ، میڈم سائرہ، میڈم نیلم، میڈم زبیدہ اور میڈم میمونہ بھی شریک ہوئیں۔تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایپسما تحصیل راولپنڈی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنایا جائے گا جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment