سرگودھا.( پی پی اے) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے جماعت نہم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے. بورڈ حکام کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 7 ہزار 782 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 45 ہزار 925 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کی مجموعی شرح 42.61 فیصد رہی۔ ریگولر طالبات کی کامیابی کی شرح 50.98 فیصد، ریگولر طلبا کی 37.31 فیصد، پرائیویٹ طالبات کی 44.46 فیصد جبکہ پرائیویٹ طلبا کی کامیابی کی شرح 26.39 فیصد رہی۔ امتحانات میں 46 ہزار 390 ریگولر طلبا نے شرکت کی، جن میں سے 17 ہزار 309 کامیاب ہوئے، جبکہ 44 ہزار 585 ریگولر طالبات میں سے 22 ہزار 729 کامیاب قرار پائیں۔ اسی طرح 8 ہزار 773 پرائیویٹ طلبا میں سے 2 ہزار 315 جبکہ 8 ہزار 34 پرائیویٹ طالبات میں سے 3 ہزار 572 امیدوار کامیاب ہوئے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے امیدواروں کی سہولت کے لیے نتائج اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بھی جاری کر دیے ہیں، جہاں امیدوار اپنا نتیجہ آن لائن چیک کر سکتے ہیں۔ بورڈ حکام کے مطابق امیدوار جوابی کاپیوں کی ری چیکنگ کے لیے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد نتیجہ جاری ہونے کے 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی سہولت حاصل کی جا سکتی ہے