پاکستان اور کرغزستان کا دوطرفہ تجارت 2 سال میں 200 ملین ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

بشکیک ( پی پی اے) پاکستان اور کرغزستان نے تعلیم، صحت، تجارت، توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلی، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرغزستان وسطی ایشیا میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان راہداری تجارت معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے جبکہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے نئے دور کا آغاز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان موجودہ 16 ملین ڈالر کی دوطرفہ تجارت کو آئندہ دو سال میں 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ بشکیک میں کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی تعاون مذاکرات کا محور رہا، جس کے تحت تجارت کے فروغ، مشترکہ سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور براہ راست کاروباری روابط بڑھانے کے لیے جامع منصوبے پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راہداری تجارت معاہدے سے دوطرفہ تجارت، سفری سہولیات اور علاقائی رابطوں کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اور کرغزستان ٹرانسپورٹ، کسٹمز اور انتظامی طریقہ کار آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔ وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں کاسا 1000 منصوبے کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بجلی، پن بجلی، متبادل توانائی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں تعاون بڑھانے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور دیگر عصری خطرات سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی و دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے اوش اور لاہور کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کا خیرمقدم کیا اور کرغز صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
اس موقع پر صدر صادر ژاپاروف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مختصر عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط مضبوط باہمی اعتماد اور تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور کرغزستان ادویہ سازی، زراعت، توانائی، ہلکی مشینری، سیاحت، ڈیجیٹل معیشت، ورچوئل اثاثوں اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے۔ کرغز صدر نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہیں کرغزستان کے لیے جنوبی ایشیا کی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارت تک رسائی کا اہم ذریعہ ہیں، جبکہ کرغزستان وسطی ایشیا اور یورو ایشیا کی منڈیوں تک رسائی کے لیے پاکستان کے لیے اہم گزرگاہ ہے۔ انہوں نے کاسا 1000 منصوبے کو جنوبی ایشیا کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر رابطے، تعلیم، سائنس، ثقافت، سیاحت، کھیل اور نوجوانوں کے تبادلے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر صادر ژاپاروف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے

Comments (0)
Add Comment