سیالکوٹ ( پی پی اے) سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سرویلنس، لاروا کی تلفی اور ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کے اجلاس سے خطاب اور ضلع میں جاری انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں و موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں سال یکم جنوری سے 27 اگست تک ضلع سیالکوٹ میں ڈینگی کے 2,137 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 4 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ تصدیق شدہ کیسز کے حوالے سے کیس رسپانس سرگرمیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ڈینگی سرویلنس کے لیے 555 ان ڈور اور 124 آؤٹ ڈور ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 703 گھروں اور 32 ہزار 779 آؤٹ ڈور مقامات کی چیکنگ مکمل کی جا چکی ہے۔
رواں سال ضلع میں ڈینگی پازیٹو کی 52 سائٹس سامنے آئی ہیں جبکہ ضلع کے 2,802 ہاٹ سپاٹس کی 100 فیصد کوریج مکمل کی جا چکی ہے۔ سی ای او ہیلتھ کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے تمام 87 اینڈرائیڈ موبائلز فعال ہیں، جبکہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے 2,116 اینڈرائیڈ موبائلز میں سے 2,104 فعال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرویلنس سرگرمیوں کے تحت ٹی پی وی ان ڈور کی 1,202، ٹی پی وی آؤٹ ڈور کی 498، پازیٹو لاروا کی ایک، مریضوں کی 6 اور ہاٹ سپاٹس کی 1,767 سرگرمیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ رواں سال ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے 6 جبکہ تحصیل ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے 52 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔ ڈینگی ویکٹر سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ڈی وی آر کمپلینٹ پورٹل پر موصول ہونے والی تمام 781 شکایات حل کر دی گئی ہیں اور کوئی شکایت زیر التوا نہیں۔ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی اقدامات کے دوران دستیاب وسائل اور آلات کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں پر زور دیا کہ سرویلنس کا عمل مزید فعال بناتے ہوئے ڈینگی کے ممکنہ افزائشی مقامات کی بروقت نشاندہی اور لاروا کی تلفی یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔