تھرپارکر میں ڈینگی کیسز والے علاقوں میں مچھر مار اسپرے جاری

تھرپارکر ( پی پی اے): ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے بتایا ہے کہ جن علاقوں اور دیہات میں ملیریا اور ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں، وہاں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے پر مشتمل ٹیمیں مریضوں کی تشخیص اور مچھر مار اسپرے کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے گھروں کے اندر، کھڑے پانی کے ذخائر اور مچھروں کی افزائش کے مقامات پر لاروا سائیڈنگ کرکے مچھروں کے لاروے ختم کرنے کے اقدامات کیے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ، پانی کے مناسب انتظام، مچھروں کی افزائش روکنے اور بیماری کی علامات کی شناخت کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ مقامی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ڈینگی کیسز کی ابتدائی شناخت اور بروقت رپورٹنگ کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ڈینگی کی روک تھام کے لیے یہ سرگرمیاں جاری رہیں گی، جبکہ عوام سے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment