اسلام آباد(پی پی اے) قومی مرکز برائے دیہی ترقی کے زیر اہتمام ’’Emotional Intelligence at Workplace‘‘ کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سرکاری و تعلیمی اداروں سے وابستہ افسران،طلبہ و طالبات، اساتذہ اور تربیتی ماہرین نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں گجرات ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے تنویراحمد شاہد، آصف صاحب، راجہ انور حسین اور محمد انور، نے شرکت کی۔ جب کہ پاکستان آرڈننس فیکٹری واہ سے ایاز خان،اسد خان درانی،محمد آصف اور عبد الباسط شریک تھے . راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے حافظ محمد عرفان،ہیلپنگ ہینڈز سے امجد محمود امجد،ثاقب عباسی،سمیع خان ،احمد عمار صدیقی،آصف شاہ اور اسرار الحق ناصر نے نمائندگی کی ۔ شرکاء کو ورک پلیس پر جذباتی ذہانت کی اہمیت، مؤثر ابلاغ، مثبت رویوں، ٹیم ورک، قیادت، تنازعات کے حل اور پیشہ ورانہ تعلقات کو بہتر بنانے کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کی گئیں۔ تین روزہ ورکشاپ کے دوران عبدالوہاب خان،آفتاب عالم خان،محترمہ سامعہ راشد،نوشین یاسر،حمیرا جامی نے لیکچرز اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے شرکاء کی تربیت کی۔ تربیتی سیشنز میں ملٹی میڈیا اور جدید پریزنٹیشن ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال بھی کیا گیا، جس سے موضوع کو سمجھنے اور عملی زندگی سے مربوط کرنے میں مدد ملی۔ورکشاپ کی کوآرڈینیٹر ماہرہ رزاق تھیں جنہوں نے پروگرام کے انتظامی و تربیتی امور کو مؤثر انداز میں مربوط کیا۔ احسن جمیل نے ادارہ سے متعلق تعارفی نوٹ پڑھا ۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ دور میں کسی بھی ادارے کی کامیابی کے لیے صرف فنی مہارت کافی نہیں بلکہ ملازمین اور افسران میں جذباتی ذہانت یعنی اپنے جذبات کو سمجھنے، ان پر قابو رکھنے، دوسروں کے جذبات کو محسوس کرنے اور مثبت انداز میں ردِعمل دینے کی صلاحیت بھی انتہائی اہم ہے۔اختتامی تقریب میں ڈی جی این سی آر ڈی اسرار محمد خان نے سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔