فیصل آباد بورڈ: نہم جماعت کے ری ایڈمیشن کا شیڈول جاری

فیصل آباد ( پی پی اے) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے میٹرک پارٹ اول (نہم) سالانہ امتحان 2026 میں 33 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے اور غیر حاضر رہنے والے طلبہ کے لیے ری ایڈمیشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق سرکلر نمبر 1535/GR کے تحت فیصل آباد ڈویژن کے تمام سرکاری و رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولز کے پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو متعلقہ طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن، بینک چالان اور رجسٹریشن رول نمبر کی تصدیق شدہ ہارڈ کاپی مقررہ شیڈول کے مطابق بورڈ میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ری ایڈمیشن کا شیڈول 3 ستمبر سے 2 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا جبکہ فی طالب علم فیس 2100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد درخواست دینے والے امیدواروں سے 700 روپے یومیہ لیٹ فیس وصول کی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ 2022 سے 2026 تک کے پانچ سالہ سیشن میں ایک مرتبہ نہم جماعت کے امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو صرف ایک بار ری ایڈمیشن کی اجازت ہوگی، جبکہ کسی بھی بورڈ سے میٹرک کا امتحان پاس کرنے والے امیدوار اس سہولت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ رجسٹریشن دستاویزات دستیاب نہ ہونے کی صورت میں امیدوار متعلقہ ادارے کے ذریعے بورڈ کی ویب سائٹ سے تصدیقی معلومات حاصل کرکے درخواست جمع کرا سکتے ہیں

Comments (0)
Add Comment