184واں آئی بی سی سی فورم، امتحانی اصلاحات اور تعلیمی ریکارڈ کی شفافیت کیلئے اہم فیصلے

اسلام آباد۔ ( پی پی اے) انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) فورم کا 184واں اجلاس امتحانی طریقہ کار کو معیاری بنانے، طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ میں شفافیت بڑھانے اور پاکستانی قابلیت کی قومی و بین الاقوامی شناخت بہتر بنانے کے اہم فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ دو روزہ اجلاس میں ملک بھر کے بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈز، نصاب اور ٹیکسٹ بک بورڈز کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔ فورم نے امتحانی اصلاحات اور یکساں و قابل اعتماد تشخیصی نظام کے لیے مشترکہ اقدامات کی منظوری دی۔ فورم کو بتایا گیا کہ سندھ کے امتحانی بورڈز، فیڈرل بورڈ، آزاد جموں و کشمیر بورڈ، کے آئی یو بورڈ، آغا خان بورڈ اور ضیاء الدین بورڈ نے نئی گریڈنگ پالیسی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت کم از کم پاسنگ مارکس 40 فیصد مقرر کیے گئے ہیں۔ نظرثانی شدہ گریڈنگ پالیسی سے متعلق ملک بھر میں آگاہی سیشنز اور ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ تعلیمی ریکارڈ کی شفافیت بڑھانے کے لیے ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی سرٹیفکیٹس پر ب فارم یا سی این آئی سی نمبر درج کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس سے طلبہ کے ریکارڈ کی شناخت اور تصدیق مزید آسان ہوگی۔ فورم نے بورڈ ٹاپرز کے لیے اسکالرشپس، بیرون ملک تعلیمی و تجرباتی مواقع اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے لیے موسم گرما اور سرما کے کیمپ منعقد کرنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں مزید 12 دینی مدارس کی ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے مساوی حیثیت کی سفارش کی گئی، جس کے بعد مساوی فریم ورک میں شامل اداروں کی تعداد 26 ہوگئی۔ غیر ملکی امتحانی بورڈز سے سائنس کے کم از کم دو مضامین پاس کرنے والے طلبہ کو سائنس گروپ کی مساوات دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ فورم نے تھیوری اور پریکٹیکل امتحانات کے لیے یکساں کیلنڈر، جبکہ عملی امتحانات کے لیے مشترکہ رہنما اصول اور طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ امتحانات میں مستقل مزاجی، انصاف اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ بی آئی ایس سی کوہاٹ، بی آئی ایس سی کوئٹہ اور ایف بی آئی ایس سی نے اپنے بہترین طریقہ کار اور اختراعی اقدامات بھی اجلاس میں پیش کیے۔ نیشنل کوآرڈینیٹر آئی بی سی سی فورم عنایت اللہ وسیم نے امتحانی اصلاحات میں بورڈز کی فعال شرکت اور اجتماعی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں شفافیت، معیار اور عوامی اعتماد کے لیے مضبوط رابطہ کاری اور متفقہ فیصلوں پر مستقل عملدرآمد ضروری ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے امتحانی بورڈز کے چیئرمینوں کی میرٹ پر تقرریوں پر پنجاب حکومت کو سراہا۔ انہوں نے سندھ میں ای مارکنگ کے نفاذ کو بھی امتحانی نظام میں شفافیت، کارکردگی اور ساکھ بہتر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات ایسے امتحانی نظام کی تشکیل کی وسیع تر قومی کوشش کا حصہ ہیں جو محض یادداشت کے بجائے طلبہ کی سمجھ بوجھ اور حقیقی سیکھنے کو جانچے، ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے اور پاکستانی قابلیت کی قومی و بین الاقوامی ساکھ بہتر بنائے۔ فورم نے امتحانی، تکنیکی، نصابی اور ٹیکسٹ بک بورڈز کے درمیان مضبوط رابطہ کاری اور شفاف، ٹیکنالوجی پر مبنی، طالب علم دوست اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تشخیصی نظام کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس کی کارروائی سیکرٹری آئی بی سی سی فورم و ڈائریکٹر جنرل آئی بی سی سی محمد عثمان خان نے چلائی

Comments (0)
Add Comment