عالمی یوم خواندگی پر صدر مملکت کا پیغام

اسلام آباد۔ (پی پی اے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اساتذہ، طلبہ، والدین، ماہرینِ تعلیم اور کمیونٹی ورکرز کی تعلیم کے فروغ کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ عالمی یومِ خواندگی کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر اس دن کی خصوصی اہمیت ہے۔ اس سال کا موضوع ’’لوگوں، کرۂ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی‘‘ ہے، جو اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ خواندگی صرف پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت نہیں بلکہ لوگوں کو باخبر فیصلے کرنے، معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے اور ملکی ترقی میں حصہ لینے کے لیے علم اور اعتماد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے عالمگیر خواندگی کا حصول محض ترقیاتی ضرورت نہیں بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ بڑی تعداد میں بچے اب بھی باقاعدہ تعلیمی نظام سے باہر ہیں جبکہ بہت سے بچوں کو معیاری تعلیمی ماحول تک رسائی حاصل نہیں، اس لیے خواندگی کو محض اعداد و شمار کے بجائے ملک کے مستقبل کی عکاسی کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تیز رفتار تکنیکی تبدیلی کے دور میں تعلیم کے حوالے سے طرزِ عمل تبدیل کرنا ہوگا۔ بنیادی خواندگی کے ساتھ تنقیدی سوچ، ڈیجیٹل صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کو بھی فروغ دینا ضروری ہے تاکہ شہری علم پر مبنی عالمی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ثمرات پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے بچوں کے ساتھ ساتھ ان نوجوانوں اور بالغ افراد تک بھی پہنچنے چاہئیں جو رسمی تعلیم سے محروم رہ گئے ہیں۔ غیر رسمی تعلیم، تیز رفتار تعلیمی پروگرامز اور بالغوں کی خواندگی کے منصوبوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانا قومی ترجیح برقرار رہنا چاہیے۔ تعلیم یافتہ خواتین خاندانوں اور معاشرے کی صحت، تعلیم اور معاشی بہبود میں بہتر کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے خواتین کو تعلیم اور ہنر کی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط جیسے چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں پائیدار ترقی کے ہدف 4 سے بھی ہم آہنگ ہیں، جس کا مقصد سب کے لیے جامع اور مساوی معیاری تعلیم اور زندگی بھر سیکھنے کے مواقع یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، تعلیمی اداروں، نجی شعبے، سول سوسائٹی، مخیر حضرات اور پاکستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ علم، جدت اور زندگی بھر سیکھنے کی قدر کرنے والے معاشرے کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں۔ صدر مملکت نے اساتذہ کی خدمات اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کی تعمیر میں ان کا کردار بھرپور عزت، ادارہ جاتی اعتراف اور مسلسل تعاون کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواندگی عام خاندانوں کے لیے بھی روزمرہ زندگی میں نمایاں بہتری لا سکتی ہے، کیونکہ یہ والدین کو بچوں کی تعلیم میں مؤثر طور پر شریک ہونے، صحت اور عوامی خدمات سے متعلق معلومات سمجھنے اور نوجوانوں و بالغ افراد کو تعلیم و روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔ آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسا پاکستان تعمیر کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی جہاں علم مواقع، مساوات اور خوشحالی کے فروغ کا ذریعہ بنے اور ہر شہری اپنے مستقبل کی تشکیل میں بامعنی کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اجتماعی کاوشوں کی رہنمائی فرمائے اور انہیں برکت عطا کرے

Comments (0)
Add Comment