اسلام آباد (پی پی اے) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے سال 2026 کے جماعت گیارہویں اور بارہویں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق گیارہویں جماعت میں کامیابی کا تناسب 65.31 فیصد جبکہ بارہویں جماعت میں کامیابی کی شرح 85.95 فیصد رہی۔ انٹرمیڈیٹ کے میڈیکل گروپ میں آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج گرلز، 208 ہمایوں روڈ راولپنڈی کینٹ کی طالبہ عمارہ اظہر نے 1079 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب کالج آف سائنس بلیو ایریا کے محمد جہانزیب نے 1078 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج گوجرانوالہ کینٹ کی سیدہ ایمان فاطمہ نے 1076 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری انجینئرنگ گروپ میں آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج گرلز پاسبان راولپنڈی کی رامین ارجمند نے 1075 نمبر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ رمی پبلک اسکول اینڈ کالج گوجرانوالہ کینٹ کی زینب سمیع نے 1076 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ کیپس کالج واہ کینٹ کیمپس، جی ٹی روڈ واہ کینٹ کی انساء فاطمہ نے 1068 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس جنرل گروپ میں پنجاب کالج آف سائنس بلیو ایریا اسلام آباد کے عبداللہ اظہر نے 1063 نمبر لے کر پہلی، ڈیفنس فورسز پبلک اسکول اینڈ کالج راولپنڈی کینٹ کے حیان اظہر نے 1059 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب کالج گروپ آف کالجز ہل کیمپس H-11/4 اسلام آباد کی ہادیہ ذکریہ نے 1056 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔کامرس گروپ میں HCCS ایجوکیشنل سسٹم گرلز کیمپس ڈھوک مستقیم روڈ راولپنڈی کی اقصیٰ فاروق نے 1051 نمبر کے ساتھ پہلی، اسی ادارے کی عائذہ افضل نے 1047 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب کالج جناح کیمپس اسلام آباد کی آمنہ آصف نے 1046 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ہیومینٹیز گروپ میں آرمی پبلک ڈگری کالج ملیر کینٹ کراچی کی ایمان فاطمہ نے 1007 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز F-6/2 اسلام آباد کی آمنہ اظہر نے 1003 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ IMCB H-9 اسلام آباد کے راجہ یحییٰ بن فاضل اور F.G ڈگری کالج عزیز بھٹی روڈ لاہور کینٹ کے عمیر رضا نے 1002، 1002 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو امتحانی نظام کے حوالے سے بریفنگ دی اور پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی۔ وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ ہماری کامیابی ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی ہونہار بچے اپنا مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی تعلیم کی بڑی ضرورت ہنر کا حصول ہے، پاکستان کے 18 کروڑ جوان ہماری ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مستقبل میں ملک کی بہتری کے لیے محنت جاری رکھنے کی تلقین کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ اور ان کی ٹیم نے امتحانات، انسپیکشن اور مارکرز کے انتخاب میں جس طرح شفافیت کو یقینی بنایا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ آج کے اصل مہمان خصوصی ہمارے طلبہ ہیں، خصوصاً وہ جنہوں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، یہ دن ان کی زندگی کا یادگار لمحہ ہے۔