21 ستمبر سے ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم، 3 کروڑ 10 لاکھ بچے ہدف

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے تحت 21 سے 27 ستمبر تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے دوران ملک بھر کے 115 ہائی رسک اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ستمبر کی انسدادِ پولیو مہم بلوچستان، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں منعقد کی جائے گی۔ مہم کے دوران ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جہاں پولیو وائرس کا خطرہ زیادہ ہے۔ یہ مہم افغانستان میں جاری انسدادِ پولیو سرگرمیوں کے ساتھ بیک وقت منعقد کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ مہم سے قبل وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے صحت کے شعبے کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے ساتھ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں خصوصی نشست کی۔ اس موقع پر پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کی قیادت اور تکنیکی ماہرین نے ستمبر کی مہم کی تیاریوں، نگرانی کے نتائج اور ہر اہل بچے تک رسائی یقینی بنانے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ستمبر کی مہم ہائی رسک اور ہاٹ سپاٹ علاقوں میں بچوں کی قوتِ مدافعت مزید مضبوط بنانے اور حفاظتی خلا پُر کرنے کا اہم موقع ہے۔ مہم کے دوران 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد تربیت یافتہ کارکن بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ پاکستان میں 2026 کے دوران اب تک پولیو وائرس کے چار تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں تین خیبر پختونخوا اور ایک سندھ سے ہے۔ بچوں میں پولیو وائرس کی موجودگی اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی مسلسل نشاندہی اس امر کی اہمیت اجاگر کرتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں، نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے اور وائرس کی موجودگی کی صورت میں فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔ پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے والدین پر زور دیا ہے کہ بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ معمول کی حفاظتی ویکسی نیشن بھی مکمل کروائیں۔ مہم کے دوران پلائے جانے والے پولیو کے قطرے بچوں کو پولیو وائرس کے خلاف اضافی تحفظ فراہم کرتے ہیں، جبکہ معمول کی ویکسی نیشن دیگر خطرناک بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ستمبر کی انسدادِ پولیو مہم ہائی رسک علاقوں میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں تک پہنچنے اور انہیں پولیو سے محفوظ بنانے کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، خواہ اسے پہلے بھی پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہوں۔ پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے والدین، نگہداشت کرنے والوں اور تمام طبقاتِ معاشرہ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ ہر مہم میں مسلسل شرکت بچوں کے تحفظ، پولیو وائرس کی منتقلی روکنے اور پولیو سے پاک پاکستان کے حصول کے لیے ناگزیر ہے

Comments (0)
Add Comment