اسلام آباد ( پی پی اے) نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ (این ایل پی ڈی) اور یونائیٹڈ ہیومینٹیرین آرگنائزیشن (یو ایچ او) کے اشتراک سے ’’پاسبانِ امن و انسانیت‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں معاشرے میں امن، انسانیت، رواداری، باہمی احترام، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ یو ایچ او کی جانب سے ہفتہ کو موصولہ پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یو ایچ او کی بانی ڈاکٹر دیا چوہدری نے امن اور انسانیت کے فروغ کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن معاشرے کی تعمیر کے لیے رواداری، باہمی احترام، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبویﷺ امن، رحمت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ملی رہنمائی فراہم کرتی ہے، جس کی تعلیمات معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے مختلف طبقات کے درمیان تعمیری مکالمے اور باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ آزاد جموں و کشمیر علماء و مشائخ کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ ذوالفقار علی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے امن، بھائی چارے، رواداری اور انسانیت کی خدمت کو معاشرے کی بنیادی ضروریات قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے احترام، اخوت، رواداری، امن اور سلامتی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان باہمی احترام، رواداری اور تعمیری مکالمے کو فروغ دینا ضروری ہے۔ کانفرنس کے دوران دیگر مقررین نے بھی امن و انسانیت، سماجی ذمہ داری، انسانیت کی خدمت اور سماجی ہم آہنگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ سیرتِ نبویﷺ انسانیت، رحمت، عدل، رواداری، بھائی چارے اور امن کا جامع پیغام دیتی ہے، جسے عصرِ حاضر میں انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا اہم ہے۔ سردار فوزیب خان، سردار شکور، فرزانہ کوثر، عظمیٰ فاخر، پروفیسر محمد علی قادر، محمد حیدر علوی اور ڈاکٹر شہباز علی عباسی سمیت پاکستان اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے ممتاز مہمانوں اور شرکاء نے آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔ اختتام پر شرکاء نے معاشرے میں امن، انسانیت، رواداری، بھائی چارے، باہمی احترام اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا