ایبٹ آباد گرلز کالج میں اوزون تہہ کی کمی پر آگاہی سیمینار

ایبٹ آباد( پی پی اے) گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد کی سائنسی سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’اوزون تہہ کی کمی‘‘ کے موضوع پر آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس کا مقصد طالبات کو اوزون تہہ کی اہمیت اور ماحول کے تحفظ کی ضرورت سے آگاہ کرنا تھا۔ ترجمان گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کے مطابق تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت جویریہ نثار نے حاصل کی، جبکہ تنزیلہ نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ شعبہ طبیعیات کی طالبہ بسمہ نے شاعری پیش کی جبکہ نظامت کے فرائض شعبہ طبیعیات اور شعبہ نباتیات کی طالبات نے انجام دیئے۔ سٹیج کی سجاوٹ کی ذمہ داری شعبہ نفسیات نے سنبھالی۔ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ افضل نے اوزون تہہ کی کمی کے موضوع پر تفصیلی اور معلوماتی پریزنٹیشن پیش کی، جس میں ماحولیاتی چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے طالبات کو ماحول کے تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانے کی ترغیب دی گئی۔ شعبہ کیمسٹری کی فضہ مومنہ اور سجاد نے بھی سائنسی موضوع پر پریزنٹیشن پیش کی۔ شعبہ نباتیات کی طالبات نے تخلیقی خاکے کے ذریعے اوزون تہہ کے تحفظ کا پیغام دلچسپ اور آسان انداز میں پیش کیا۔ اختتامی کلمات سائنسی سوسائٹی کی انچارج میم گل نسرین نے ادا کیے اور تمام شعبہ جات اور طالبات کی کاوشوں کو سراہا۔

Comments (0)
Add Comment