ایبٹ آباد ( پی پی اے) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد ڈاکٹر شہزاد اقبال کی ہدایت پر بانڈہ سید خان میں ڈینگی کے ممکنہ کیسز کی اطلاعات کے بعد ریپڈ رسپانس، سکریننگ اور آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر منہاج بن مصباح کی سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیم نے علاقے میں ڈینگی سکریننگ، طبی معائنہ اور مچھروں کی افزائش سے متعلق سرویلنس کی۔ کارروائی میں ڈسٹرکٹ میڈیکل اینٹومولوجسٹ و ڈینگی فوکل پرسن عافیہ زیب خان، ڈیزیز سرویلنس آفیسر ڈاکٹر عاطف سعود، اے ایم ایس محمد جاوید سمیت دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔ گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈہ سید خان میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جہاں طلبہ کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرنے کے ساتھ مچھر دانیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ سکول میں اس سے قبل ایک طالب علم کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جو اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ریپڈ رسپانس سرگرمیوں کے دوران 250 سے زائد افراد کا طبی معائنہ اور ڈینگی سکریننگ کی گئی، تاہم کسی فرد میں ڈینگی کا مثبت کیس سامنے نہیں آیا۔ علاقے میں ڈینگی کی وبائی صورتحال بھی ریکارڈ نہیں ہوئی، جبکہ زیادہ تر افراد معمولی بخار، فلو اور اس سے ملتی جلتی علامات کے ساتھ رپورٹ ہوئے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے میں اینٹی ڈینگی فوگنگ کی گئی جبکہ کیمپ میں آنے والے افراد کو طبی مشورے کے ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ محکمہ صحت کی ٹیم نے مقامی آبادی اور طلبہ کو مچھروں کی افزائش گاہوں کے خاتمے، گھروں اور اردگرد پانی جمع نہ ہونے دینے سمیت ڈینگی سے بچاؤ کے دیگر حفاظتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔