سرگودھا ( پی پی اے) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے انٹرمیڈیٹ دوسرے سالانہ امتحان 2026ء کے داخلہ فارم اور فیس جمع کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ متحانات کا آغاز 3 نومبر 2026ء سے ہوگا۔ بورڈ کے مطابق بغیر لیٹ فیس داخلہ فارم اور فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 ستمبر 2026ء مقرر کی گئی ہے، جبکہ دوگنا فیس کے ساتھ 6 اکتوبر سے 13 اکتوبر 2026ء تک اور تین گنا فیس کے ساتھ 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر 2026ء تک داخلہ فارم جمع کرائے جا سکیں گے۔ اس کے بعد تین گنا فیس کے علاوہ 500 روپے یومیہ جرمانے کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی گنجائش مقررہ آخری تاریخ تک ہوگی۔ بورڈ نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحان کے لیے آرٹس گروپ میں، جہاں عملی امتحان نہیں ہوتا، امتحانی فیس 2830، 2880 اور 2930 روپے جبکہ سائنس اور دیگر عملی امتحانات والے گروپس کے لیے فیس 3930 اور 4030 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دونوں پارٹس کا امتحان دینے والے امیدوار دونوں حصوں کی مکمل فیس ادا کریں گے۔ امتحانی فیس کے علاوہ امیدواروں کو مقررہ پروسیسنگ، سکالرشپ، ترقیاتی اور سپورٹس فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔ علوم شرقیہ، ادیب، عالم اور فاضل کے امیدواروں کے لیے بھی الگ فیس مقرر کی گئی ہے۔ بورڈ کے مطابق پہلی مرتبہ امتحان میں شرکت کرنے والے پرائیویٹ امیدواروں کو 3330 روپے رجسٹریشن فیس بھی جمع کرانا ہوگی۔ اسی طرح پہلی مرتبہ پارٹ اول، کمپوزٹ، مارکس امپروومنٹ اور دیگر متعلقہ امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو مقررہ سند فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔ ریگولر اداروں کے یوزر اور پرائیویٹ امیدواروں کے داخلہ فارمز کے ساتھ آن لائن بینک چالان کے ذریعے فیس جمع کرانا ہوگی۔ فیس یو بی ایل کی کسی بھی برانچ میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔ پرائیویٹ امیدوار اپنے داخلہ فارم جبکہ ریگولر ادارے امتحانی فہرست اور اصل بینک ڈپازٹ سلپ مقررہ شیڈول کے اندر بورڈ دفتر ارسال کریں، بصورت دیگر رول نمبر سلپ جاری نہ ہونے کی ذمہ داری متعلقہ امیدوار یا ادارے پر عائد ہوگی۔ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فائنل داخلہ فہرست پرنٹ کرنے سے قبل ہر بیچ کا چالان پرنٹ کرکے بینک میں فیس جمع کرائیں۔ فیس جمع ہونے کے بعد فائنل بیچ داخلہ فہرست پرنٹ ہوگی اور اس کے بعد داخلہ فہرست کے ریکارڈ میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا سکے گی۔ کسی ضروری ترمیم کی صورت میں متعلقہ ادارے کو امتحانی برانچ سے رابطہ کرنا ہوگا۔ بورڈ نے واضح کیا کہ پرائیویٹ امیدوار داخلہ فارم پر اپنی رہائش گاہ کا ڈاک کا پتہ درج کریں گے۔ کسی دوسرے شخص، دکان، اکیڈمی یا نجی ادارے کا پتہ قابل قبول نہیں ہوگ