سیالکوٹ( پی پی اے) ماڈرن چلڈرن ہوم سیالکوٹ میں مقیم طالبات کے لیے بچوں کے تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے موضوع پر خصوصی آگاہی و تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں چائلڈ پروٹیکشن کنسلٹنگ اینڈ ٹرینر سید سلیم عباس، لیکچرار سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ عابدہ کاشف، آمنہ بٹ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فی میل چلڈرن ہوم اسماء احمد نے شرکت کی۔ نشست کا مقصد طالبات کو بچوں کے حقوق، تحفظ، سلامتی اور انہیں ہر قسم کے تشدد، بدسلوکی، غفلت اور استحصال سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ مقررین نے طالبات کو دوستانہ اور آسان انداز میں بنیادی حقوق، ذاتی تحفظ، محفوظ رویوں اور کسی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں قابل اعتماد افراد سے رابطے کے طریقوں سے آگاہ کیا۔ سید سلیم عباس نے کہا کہ بچوں کا تحفظ صرف کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین، اساتذہ، اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کو ایسا ماحول فراہم کیا جانا چاہیے جہاں وہ خود کو محفوظ سمجھیں اور بلاخوف اپنی بات بیان کر سکیں۔ عابدہ کاشف نے بچوں کے حقوق اور ان کے ساتھ مثبت رویوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو عزت، تحفظ، تعلیم اور بہتر مستقبل کا حق حاصل ہے۔ آمنہ بٹ نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور کسی مشکل یا پریشانی کی صورت میں خاموش رہنے کے بجائے قابل اعتماد افراد سے مدد حاصل کریں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فی میل چلڈرن ہوم اسماء احمد نے کہا کہ چلڈرن ہوم میں مقیم بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، تربیت اور تحفظ ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ بچوں کو محبت، توجہ اور تحفظ فراہم کرکے انہیں معاشرے کا پراعتماد اور باصلاحیت فرد بنایا جا سکتا ہے۔ تربیتی نشست کے دوران طالبات نے موضوع سے متعلق سوالات کیے جن کے مقررین نے تفصیلی جوابات دیے۔ نشست کے اختتام پر طالبات میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ ایک روزہ تربیتی سرگرمی سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا اور دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔