اسلام آباد (ہی پی اے) پاکستان عوامی قوت پارٹی کے چیئرمین اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہسپتال و راول فاؤنڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کہا ہے کہ پارٹی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں، بالخصوص نوجوانوں کی بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے یہ بات مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی پاکستان عوامی قوت پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پارٹی میں شامل ہونے والوں میں ماریہ سیف، لائبہ واجد، زہرہ احمد، فضا احمد، اعجاز بشیر، سفیر فہیم اور میر حیدر جعفری شامل تھے۔ اس موقع پر مختلف وفود نے بھی خاقان وحید خواجہ سے ملاقات کی، جن میں بشارت جعفری، انور زیدی، ساجد خان، ابرار احمد یاد، سردار بنارس، معروف کشمیری گلوکار یاسر کشمیری، نعیم قریشی، عشرت بی بی اور پاک بحریہ کے ریٹائرڈ کیپٹن محمد ایوب شامل تھے۔ خاقان وحید خواجہ نے پارٹی میں شامل ہونے والی خواتین اور دیگر افراد کو پارٹی پرچم پہنائے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کا انتخاب ان کی امیدوں پر پورا اترے گا۔ ہمارا منشور نوجوانوں کو آگے لانا ہے، نوجوان ہماری ٹیم کا حصہ بنیں تاکہ ملک کے نوجوانوں کو دنیا میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس موقع پر پارٹی میں شامل ہونے والے افراد نے کہا کہ وہ پارٹی کے منشور اور بیانیے سے اتفاق کرتے ہیں، اسی لیے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خاقان وحید خواجہ کی ٹیم کا مضبوط حصہ بن کر اپنا کردار ادا کریں گے