اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری 7 اکتوبر کو سائنس، جدت اور ٹیکنالوجی کی اخلاقیات کے موضوع پر ہونے والے بین الاقوامی ویبینار سے خطاب کریں گے۔ یہ ویبینار پاکستان میں یونیسکو کے دفتر کے زیر اہتمام سائنس، اخلاقیات اور جدت کے موضوع پر منعقد ہونے والی ویبینار سیریز کا دوسرا حصہ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری دیگر بین الاقوامی ماہرین کے ہمراہ ویبینار میں شرکت کریں گے، جس میں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت سے وابستہ اخلاقی مسائل پر غور کیا جائے گا۔ یہ ویبینار پائیدار ترقی کے لیے سائنس کی بین الاقوامی دہائی 2024-2033 کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری بائیوٹیکنالوجی اور حیاتیاتی علوم کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سائنسدان اور محقق ہیں۔ انہیں سائنس میں اخلاقیات کے لیے 2015 کا یونیسکو ایویسینا پرائز بھی دیا جا چکا ہے، جبکہ سائنسی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں صدرِ مملکت کی جانب سے تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے