ایبٹ آباد (پی پی اے) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر اسرار نے ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران فرائض میں غفلت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر تین ملازمین کو معطل کر دیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، ملازمین کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے اور ہسپتال کے انتظامی نظام میں بہتری کے لیے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر اسرار نے صبح سویرے نائٹ اور مارننگ شفٹ کی تبدیلی کے حساس وقت میں ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر راحیل، ڈاکٹر عاطف حسین اور ڈاکٹر ارم صدیق بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے نائٹ اور مارننگ شفٹ کے عملے کی حاضری چیک کی جبکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔ صفائی کے امور میں غفلت اور لاپرواہی سامنے آنے پر انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملازمین کو معطل کر دیا۔ بعد ازاں مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے تفصیلی اجلاس بھی ہوا، جس میں ہسپتال کے انتظامی امور اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اور ان کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے واضح کیا کہ ڈیوٹی، حاضری اور صفائی کے معاملات میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی