اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کے ہمراہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت اور وزیراعظم کی فوکل پرسن نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم ملک بھر کے 115 منتخب اضلاع میں 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومتِ پاکستان ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط قومی ردعمل کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر بچے تک پولیو ویکسین کی بروقت رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ انسدادِ پولیو اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگراموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی بھی مزید مضبوط بنائی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین، کمیونٹی رہنماؤں اور تمام متعلقہ اداروں کا تعاون ناگزیر ہے۔ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔ افتتاحی تقریب میں نیشنل کوآرڈینیٹر، شراکت دار اداروں کے نمائندگان اور پولیو پروگرام کی کور ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے