عالمی امن کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا حل ناگزیر ہے، ایاز صادق پائیدار امن کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر، مکالمے، انصاف اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا، سپیکر

اسلام آباد ( پی پی اے): سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کا حل ناگزیر ہے، پائیدار امن اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے احترام اور مکالمے کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ پاکستان کے امن دستے گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے بھی مصروفِ عمل ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ضروری ہے۔ مساوی حقوق، انصاف اور رواداری پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی امن کے لیے بھاری انسانی اور معاشی قیمت ادا کی ہے۔ امن کے فروغ کے لیے پارلیمانوں کا کردار انتہائی اہم ہے کیونکہ پارلیمان مکالمے اور جمہوری اقدار کے فروغ کا مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی تعاون، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ عالمی امن کے لیے اقوام کو اپنے اختلافات مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے حل کرنے چاہئیں

Comments (0)
Add Comment