اسلام آباد ( پی پی اے) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹک ٹاک اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کے تعاون سے بچوں، نوجوانوں، والدین اور اساتذہ میں محفوظ اور ذمہ دارانہ انٹرنیٹ استعمال کے فروغ کے لیے مختلف آگاہی اور تربیتی اقدامات مکمل کیے ہیں۔ ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق پی ٹی اے اور ٹک ٹاک کے اشتراک کے تحت 100 سرکاری سکولوں میں طلبہ، اساتذہ اور والدین سمیت مجموعی طور پر 12 ہزار 575 افراد کو آن لائن تحفظ کے حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔ اس سلسلے میں طلبہ کے لیے بچوں کی رہنمائی کا مواد، ڈیجیٹل حفاظت کی ورک بک اور تصویری کتاب جبکہ والدین کے لیے رہنما اصول بھی تیار کیے گئے ہیں۔ یہ مواد عوامی رسائی کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔آگاہی مہم کے تحت آن لائن شکاریوں سے تحفظ، سائبر ہراسانی، ہیکنگ کے خطرات سے بچاؤ، نفرت انگیز مواد اور غلط معلومات سمیت آن لائن تحفظ کے مختلف پہلوؤں پر پانچ مختصر ویڈیوز بھی تیار کرکے سماجی ذرائع ابلاغ کے ذریعے نشر کی گئیں۔ پی ٹی اے نے یونیسف کے تعاون سے بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آگاہی پوسٹرز سماجی ذرائع ابلاغ کے ذریعے جاری کیے گئے جبکہ والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے ”ڈیجیٹل دور میں اپنے بچے کا تحفظ“ کے عنوان سے رہنما کتابچہ بھی یونیسف، ٹیلی نار اور قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ دستاویز کے مطابق بچوں سے بدسلوکی کے واقعات کی اطلاع دینے کے لیے ملک گیر مفت چائلڈ پروٹیکشن ہاٹ لائن 1121 بھی مختص ہے، جبکہ پاکستان یونیسف کے جاری ڈسرپٹنگ ہارم منصوبے میں بھی شریک ہے۔ پی ٹی اے اور یونیسف کے اشتراک سے ملک گیر تربیت کاروں کی تربیت کا پروگرام بھی جاری رہا، جس کے تحت 15 ماسٹر ٹرینرز کو 210 سہولت کاروں کی تربیت کے لیے تیار کیا گیا۔ ان سہولت کاروں نے بعد ازاں آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے 8 ہزار سے زائد افراد کو فائدہ پہنچایا۔ استعداد کار میں اضافے کے لیے شراکت دار اداروں اور پی ٹی اے افسران کے لیے بھی تربیتی نشستیں منعقد کی گئیں۔ یہ اقدامات بچوں، والدین، اساتذہ اور نگہداشت کرنے والوں میں آن لائن خطرات سے متعلق آگاہی بڑھانے اور ڈیجیٹل ذرائع کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔