رحیم یار خان صوبائی معاون خصوصی برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے انتہائی سنجیدہ اور پرعزم ہیں

رحیم یار خان (پی پی اے) رحیم یار خان صوبائی معاون خصوصی برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے انتہائی سنجیدہ اور پرعزم ہیں پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پولیو کی مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت ہے کہ پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی رحیم یار خان کے اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا قبل ازیں صوبائی معاون خصوصی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے اجلاس میں ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی، مقررہ اہداف پولیو ٹیموں کی فیلڈ کارکردگی مانیٹرنگ، سکیورٹی اور بچوں کی ویکسی نیشن کی صورتحال کا جائزہ لیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم، مقررہ اہداف اور فیلڈ انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ ضلع میں پانچ سال سے کم عمر 11 لاکھ 42 ہزار 666 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی فیلڈ مانیٹرنگ اور رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ ماضی میں پنجاب کے 17 اضلاع پولیو سے متاثر تھے تاہم حکومت پنجاب نے اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مربوط حکمت عملی اختیار کی اور آج پنجاب الحمدللہ پولیو فری ہے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی کابینہ چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود انسداد پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں اکتوبر 2025ء سے پولیو کے ماحولیاتی نمونے منفی آ رہے ہیں، تاہم انسداد پولیو کی کوششوں میں کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں۔ ہم اپنی خامیوں کو چھپانے کے بجائے ان کی نشاندہی کرتے ہیں اور ان کے حل کی جانب بڑھتے ہیں۔عظمیٰ کاردار نے کہا کہ رحیم یار خان کا جغرافیہ انسداد پولیو کے حوالے سے منفرد اور مشکل ہے۔ دریائی و کچہ علاقے، چولستان، شوگر کین اور کپاس کی چنائی کے سیزن کے باعث آبادی کی نقل و حرکت بڑھ جاتی ہے، جس کے پیش نظر خانہ بدوش خاندانوں اور موبائل آبادیوں کے بچوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) سمیت دیگر متعلقہ ادارے انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ رواں سال ملک میں پولیو کے چار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں تین خیبرپختونخوا اور ایک سندھ میں رپورٹ ہوا، جبکہ پنجاب الحمدللہ پولیو فری ہے۔ بلوچستان میں بھی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔صوبائی معاون خصوصی نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ علماء کرام، اساتذہ، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور معاشرے کے دیگر طبقات بھی انسداد پولیو مہم کے اہم پارٹنرز ہیں۔ اجتماعی کوششوں کے ذریعے ان شاء اللہ 2027ء تک پاکستان کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔انہوں نے پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل جغرافیہ اور مختلف چیلنجز کے باوجود پولیو ورکرز قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کی تنخواہوں میں 28 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ان کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔عظمیٰ کاردار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کچہ کے علاقوں کے لیے 23 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا گیا ہے جبکہ صحت کے شعبہ میں 50 ہزار ہیلتھ انسپکٹرز کی بھرتی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ ضلع میں انسداد پولیو مہم کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطہ قائم ہے۔ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی، فیلڈ مانیٹرنگ، خانہ بدوش و موبائل آبادیوں تک رسائی اور رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی، یونین کونسل وائز اہداف، فیلڈ ٹیموں کی پیش رفت، سکیورٹی انتظامات، مائیکرو پلان اور مہم کے دوران درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ پریس بریفنگ میں میڈیا نمائندگان کو ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم، صوبائی حکومت کی پالیسی اور پولیو کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا

Comments (0)
Add Comment