عطاء اللہ تارڑ کا دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ، امن و مذہبی ہم آہنگی پر گفتگو

اکوڑہ خٹک نوشہرہ ( پی پی اے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم کی ہدایت پر دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان اور رکن صوبائی اسمبلی جلال خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک آمد پر قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین، دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق حقانی، جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی، مولانا سید محمد یوسف شاہ اور دیگر اکابرین نے وفاقی وزیر اطلاعات کا استقبال کیا۔ اس موقع پر قومی پیغام امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا طاہر محمود اشرفی، اراکین سینیٹر حافظ عبدالکریم، مفتی عبدالرحیم، علامہ عارف حسین واحدی، پیر نقیب الرحمان، علامہ محمد حسین اکبر، ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی، مولانا طیب پنج پیر، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، بشپ آزاد مارشل، راجیش کمار ہرداسانی اور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی موجود تھے۔ قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین اور علماء کرام سے ملاقات کے دوران قیام امن، مذہبی ہم آہنگی، ملک میں امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قومی پیغام امن کمیٹی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات قومی پیغام امن کمیٹی کے ذریعے امن و استحکام کا پیغام عوام تک پہنچا رہی ہے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے دارالعلوم حقانیہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، جہاں انہیں دارالعلوم کی تعلیمی اور دینی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے دارالعلوم کے اندر تاریخی جامع مسجد عبدالحق کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے علماء کرام نے قیام امن اور قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی، مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا سمیع الحق شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی

Comments (0)
Add Comment