اسلام آباد (پی پی اے): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے مریضوں، طبی عملے اور عوام کے تحفظ کے لیے صحت کے اداروں میں ضروری اصلاحات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت اجلاس میں وزارتِ قومی صحت کے زیرِ انتظام تمام اداروں میں فائر سیفٹی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی جامع اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزارتِ صحت کے زیرِ انتظام تمام ہسپتالوں، بنیادی مراکزِ صحت اور دیہی مراکزِ صحت کے تکنیکی و بنیادی ڈھانچے کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کے اداروں کے انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ماہر کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ کنسلٹنسی فرم صحت مراکز میں فائر سیفٹی، بجلی کے نظام، ہیٹنگ، وینٹی لیشن، ایئر کنڈیشننگ اور میڈیکل گیسز کے نظام کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ بائیومیڈیکل آلات اور طبی فضلے کے انتظام کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر کے جامع جائزے کی بنیاد پر ضروری اصلاحات کے لیے عملی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، تاکہ صحت کے اداروں میں حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ صحت کے اداروں میں حفاظتی اقدامات بہتر بنا کر مستقبل میں حادثات کی روک تھام یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صحت مراکز کے بنیادی ڈھانچے اور حفاظتی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے ان کا بروقت ازالہ کیا جائے۔ اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری ہسپتال، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی.