اسلام آباد ( پی پی اے) ملک کے منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا تیسرا روز جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے پہلے دو روز کے دوران تقریباً ایک کروڑ 64 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ ملک کے منتخب اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ این ای او سی کے مطابق مہم کے دوران 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔ صوبائی و علاقائی سطح پر پہلے دو روز کے دوران پنجاب کے منتخب اضلاع میں تقریباً 46 لاکھ 18 ہزار، سندھ میں 58 لاکھ 78 ہزار، خیبر پختونخوا میں تقریباً 43 لاکھ 22 ہزار، بلوچستان میں 12 لاکھ 50 ہزار سے زائد، اسلام آباد میں 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد جبکہ گلگت بلتستان کے دو منتخب اضلاع میں تقریباً 83 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ این ای او سی حکام نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ والدین اور عوام پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔ پولیو ٹیم سے متعلق معلومات یا رابطے کے لیے 1166 پر کال یا 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھیجا جا سکتا ہے.