بچوں کی مقبول کتاب ’’انجی کی ٹوپی‘‘ کے اعزاز میں تقریب یکم اکتوبر کو ہوگی

اسلام آباد ( پی پی اے): نیشنل بک فاؤنڈیشن (این بی ایف) کے زیر اہتمام معروف مصنفہ کنول بہزاد کی بچوں کے لیے مقبول کتاب ’’انجی کی ٹوپی‘‘ کے اعزاز میں تقریب یکم اکتوبر کو منعقد ہوگی۔ تقریب میں مصنفین، محققین اور ادبی شخصیات شرکت کریں گی اور بچوں کے ادب کے بدلتے ہوئے منظرنامے، عصری ادبی رجحانات اور نوجوان نسل میں مطالعے کی عادت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ این بی ایف کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب نیشنل بک فاؤنڈیشن، 45 بک سینٹر، ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب، مصطفیٰ ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تقریب بچوں کے ادب سے وابستہ نمایاں شخصیات کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گی جہاں وہ ’’انجی کی ٹوپی‘‘ سمیت بچوں کے لیے معیاری ادب کی اہمیت، تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور بچوں اور کتابوں کے درمیان دیرپا تعلق استوار کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔ معروف مصنفہ مسرت کلانچوی تقریب کی صدارت کریں گی جبکہ این بی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر افتتاحی خطاب کریں گے۔ کاوش صدیقی، سعدیہ قریشی، نورین روما، قرۃ العین شعیب اور افراح نواز بھی تقریب سے خطاب کریں گی اور بچوں کے ادب کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گی۔ مراد علی مہمند نے کہا کہ تقریب کا مقصد بچوں کے ادب کی تخلیقی روایت کو اجاگر کرنا اور دلچسپ و معیاری کتابوں کے ذریعے بچوں میں مطالعے کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مصنفین، محققین، ادبی شخصیات، والدین، اساتذہ، طلباء اور کتابوں کے شائقین کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی

Comments (0)
Add Comment