گوادر ( پی پی اے) پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال گوادر میں پاک فوج کی ماہر میڈیکل ٹیم نے بروقت اور پیچیدہ دماغی سرجری کے ذریعے ایک نوجوان کی جان بچا لی۔ گوادر کے رہائشی 17 سالہ نوجوان سلمان کو ٹریفک حادثے میں سر پر گہرے زخم آئے تھے اور اسے انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں دستیاب محدود طبی وسائل اور آلات کے باوجود پاک فوج کے سرجنز اور میڈیکل عملے نے ہنگامی بنیادوں پر طویل اور پیچیدہ نیورو سرجری انجام دے کر نوجوان کی جان بچائی۔ نوجوان کے لواحقین نے میڈیکل ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت طبی اقدام اور فرض شناسی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے گوادر کے پسماندہ عوام کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی اور دکھی انسانیت کی خدمت قابلِ ستائش ہے۔