67 ارب روپے سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا قومی پروگرام شروع 16 کروڑ 40 لاکھ افراد کی سکریننگ، مفت تشخیص اور علاج کی سہولت فراہم ہوگی

اسلام آباد( پی پی اے) حکومت نے 67 ارب روپے کی لاگت سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے وزیراعظم نیشنل پروگرام شروع کردیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں بڑے پیمانے پر سکریننگ، تشخیص اور مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پروگرام کا مقصد بیماری کی بروقت نشاندہی، جگر کے سنگین امراض سے بچاؤ اور عوام پر اس کے مالی و سماجی بوجھ میں کمی یقینی بنانا ہے۔ پلاننگ کمیشن کے مطابق ہیپاٹائٹس سی ایک خاموش بیماری ہے جو اکثر طویل عرصے تک نمایاں علامات کے بغیر انسانی جسم میں موجود رہ سکتی ہے اور بروقت تشخیص نہ ہونے کی صورت میں جگر کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم نیشنل پروگرام برائے خاتمۂ ہیپاٹائٹس سی انفیکشن کے تحت ملک بھر میں سکریننگ، تشخیص، علاج اور بیماری سے بچاؤ کی سہولیات عام کی جائیں گی۔ پروگرام کے تحت لاکھوں پاکستانیوں کو مفت اور بروقت ہیپاٹائٹس سی سکریننگ، تصدیقی ٹیسٹ اور مؤثر علاج کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسلام آباد میں سکریننگ، تشخیصی اور علاج کی سہولیات کا آغاز کیا جاچکا ہے جبکہ موبائل سکریننگ کے ذریعے شہریوں تک خدمات کی رسائی بھی بڑھائی جارہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پروگرام کو مرحلہ وار ملک بھر میں وسعت دی جائے گی اور 16 کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد کی سکریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں ابتدائی مرحلے کے دوران تقریباً 16 لاکھ افراد تک رسائی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پروگرام کا بنیادی مقصد 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کو عوامی صحت کے بڑے خطرے کے طور پر ختم کرنے کے عالمی ہدف کی جانب پیش رفت کرنا ہے۔ حکومت نے سکریننگ اور علاج کی سہولیات عوام کے لیے مفت رکھنے پر خصوصی توجہ دی ہے۔ وفاقی وزیر صحت کے مطابق 12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی سکریننگ قومی پروگرام کا اہم حصہ ہے، جبکہ اسلام آباد میں متعدد سرکاری سکریننگ مراکز فعال ہیں اور نجی شعبے کو بھی مفت سکریننگ کی رسائی بڑھانے کے لیے شامل کیا جارہا ہے۔ ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص پروگرام کا بنیادی ستون ہے۔ ماہرین کے مطابق بہت سے متاثرہ افراد اپنی بیماری سے لاعلم رہتے ہیں، جس کے باعث مرض کی تشخیص اس وقت ہوتی ہے جب جگر کو نمایاں نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے۔ بروقت سکریننگ سے متاثرہ افراد کی شناخت، تصدیقی تشخیص اور علاج ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ حکومت نے ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے طبی مراکز میں انفیکشن پریوینشن اور ہائی جین پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد، محفوظ انجیکشن پریکٹس اور غیر معیاری سرنجوں کے استعمال کی روک تھام پر بھی زور دیا ہے۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو بیماری کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پروگرام بیماری کی تشخیص اور علاج تک محدود نہیں بلکہ عوامی آگاہی، احتیاطی تدابیر اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ مرکوز کرتا ہے۔ حکومت کے مطابق ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں، صحت کے اداروں، ترقیاتی شراکت داروں، طبی ماہرین، نجی شعبے اور عوام کے درمیان مؤثر تعاون ضروری ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کا بوجھ نمایاں ہے اور پروگرام پر کامیاب عملدرآمد سے بیماری کے باعث ہونے والی اموات اور نئے انفیکشنز میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ یہ قومی پروگرام اڑان پاکستان کے مساوات، تعلیم، صحت اور آبادی کے ستون سے بھی ہم آہنگ ہے۔ پروگرام کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ قومی ترقی صرف انفراسٹرکچر کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ انسانی صحت، زندگی اور مستقبل کا تحفظ بھی ترقی کے عمل کا بنیادی حصہ ہے۔
حکومت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ہیپاٹائٹس سی کی بروقت سکریننگ کروائیں، اپنے خاندان کے افراد کو بھی ٹیسٹ کے لیے راغب کریں اور محفوظ طبی و حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کریں۔ بروقت تشخیص، بروقت علاج اور مؤثر احتیاط ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کی بنیاد ہیں

Comments (0)
Add Comment