میرپور آزاد کشمیر (پی پی اے) آزاد کشمیر سے وابستہ فلاحی ادارے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (KORT) نے برطانیہ میں انسانی خدمت اور صحت کے شعبے میں اپنی فلاحی سرگرمیوں کے تحت بریڈفورڈ رائل انفرمری ہسپتال کے شعبہ اطفال کے لیے ایک لاکھ پاؤنڈ کا عطیہ فراہم کیا ہے۔عطیے کا چیک KORT کے چیئرمین چوہدری محمد اختر اور کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات نے ہسپتال کی چیف ایگزیکٹو پروفیسر میل پک اَپ کے حوالے کیا۔ عطیہ بچوں کے علاج معالجے اور طبی سہولیات میں بہتری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے KORT کے چیئرمین چوہدری محمد اختر نے کہا کہ انسانی خدمت اور صحت کے شعبے میں تعاون ادارے کی فلاحی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی محنت، صلاحیت اور فلاحی خدمات کے ذریعے معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی خدمت کسی ایک علاقے یا معاشرے تک محدود نہیں بلکہ ضرورت مند افراد کی مدد ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔ چوہدری محمد اختر نے عطیے میں تعاون کرنے والی کاروباری و سماجی شخصیات اور کمیونٹی کے افراد کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ KORT آزاد کشمیر میں بھی یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم اور صحت سمیت مختلف فلاحی شعبوں میں سرگرم عمل ہے، جبکہ میرپور میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے KORT ہیلتھ کیئر سٹی کا منصوبہ بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ہسپتال کی چیف ایگزیکٹو پروفیسر میل پک اَپ نے KORT اور عطیہ دینے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کمیونٹی کے تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔ انہوں نے KORT کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انسانی خدمت اور صحت کے شعبے میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب میں سی ای او ابوبکر مارکیٹ چوہدری عابد حسین، چوہدری یونس (ریگل فوڈز)، ملک غفور (پاکستان کیٹرنگ)، سابق لارڈ میئر چوہدری شبیر حسین، سلیم جناح اختر، نمائندہ خصوصی سنو نیوز چوہدری قاسم علی، چوہدری افتخار پوٹھی (کشمیر نیوز ایچ ڈی)، KORT کے رضاکار ندیم ملک اور ہسپتال کا عملہ بھی موجود تھا۔ تقریب کے اختتام پر شرکا نے صحت اور فلاحی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے، ضرورت مند افراد کی مدد اور انسانی خدمت کے جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کے لیے تگ و دو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔